(علی رضا) الیکڑک کار خریدنے والے شہریوں کیلئے بڑی رعایت، پنجاب کابینہ نے الیکڑک کار پر 95 فیصد ٹیکس استثنٰی دینے کی منظوری دے دی، نکاح نامہ میں ختم نبوت کا خانہ شامل کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حسان خاور نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلوں کے متعلق میڈیا کو بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے پنجاب سول سرونٹس ایکٹ، مسلم فیملی لاز آرڈیننس میں ترامیم، سی پیک کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی لیز پر دینے اور پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ایکٹ2021 کی منظوری دیدی ہے، جبکہ مختلف محکموں کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے قواعد وضوابط میں ترمیم، عدالتی احکامات کی روشنی میں آوارہ کتوں کیلئے برتھ کنٹرول پالیسی کی منظوری بھی دی گئی ہے،۔
حسان خاور نے کہا کہ پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ، پنجاب ڈرگز رولز میں ترامیم، ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے اداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم کے تحت کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح پنجاب پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔
حسان خاور نے بتایا کہ کابینہ نے رواں مالی سال کیلئےکفایت شعاری اقدامات، مختلف پوسٹس کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی ہے, موجودہ حکومت چیلنجز کے باوجود مشکل فیصلے کر رہی ہے،حکومت کی پہلی ترجیح عوام کی آسانی ہے، اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، مشاورت اور اختلاف جہموری سفر کا حصہ ہوتے ہیں۔