(سعودبٹ)محکمہ سوشل سکیورٹی میں سرکاری پٹیرول کے غلط استعمال پر افسران کا ایکشن، پروٹوکول ڈیوٹی کی نام پر سرکاری گاڑیوں کے بلاوجہ استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی.
تفصیلات کے مطابق سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے ماہانہ بنیادوں پر 50 فیصد پٹرول پر بچت کرلی، افسران اور فیلڈ سٹاف کی گاڑیوں کی سخت چیکنگ، زائد پٹرول استعمال کرنے والوں کے خلاف ایکشن کی نوید سنا دی۔ہیڈ آفس کی گاڑیوں میں ماہانہ 4 ہزار سے زائد لیٹر استعمال کیا جا رہا تھا۔ذرائع کے مطابق پروٹوکول ڈیوٹی کی نام پر سرکاری گاڑیوں کے بلاوجہ استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ افسران و ملازمین کو متعلقہ برانچ سے گاڑیوں کی درخواست اور سفر کی وجوہات تحریری طور پر بتانے کے احکامات دیئے گئے۔
گزشتہ ماہ حکومت پنجاب ایک نئی ٹرانسپورٹ پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت سرکاری افسروں کو مالکانہ حقوق پر گاڑیاں ملیں گی۔ ہر گاڑی جو کسی بھی افسر کو سرکاری طور پر دی جائے گی وہ اس افسر کی ملکیت میں کر دی جائے گی اور تبادلہ پر بھی اسی افسر کے ساتھ جائے گی۔ اس گاڑی کی ڈاؤن پیمنٹ حکومت ادا کرے گی اور گاڑی کی اقساط اس افسر کی تنخواہ سے کاٹی جائیں گی اور اقساط مکمل ہونے پر وہ مذکورہ گاڑی اس افسر کی ملکیت ہوگی، وہ سرکاری سروس کے دوران اس گاڑی کو استعمال کرے گا۔
محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی اس حوالے سے پالیسی تیار کر رہا ہے۔ کابینہ سے منظوری کے بعد اس پالیسی پر عمل درآمد شروع ہوگا۔