( عثمان علیم ) دوران سرویلنس تین مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد، ڈینگی سرویلنس میں غفلت پر پانچ سینٹری پیٹرول ورکرز کو معطل کردیا گیا۔
کورونا کے بعد شہر میں ڈینگی نے بھی ایک بار پھر سراٹھا لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف علاقوں کے دورے کیے، جہاں تین مقامات پر ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے بیدیاں روڈ پر کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا جہاں 1 گھر سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جبکہ لاروا کو فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے شالامار باغ، جی ٹی روڈ اور سکھ نہر کے علاقوں میں ڈینگی لاروا کی چیکنگ کی، جہاں 2 پوائنٹس پر لاروا کی نشاندہی ہوئی۔ لاروا ملنے والے گھروں کے باہر وارننگ سائن لگا دیا اور قریبی گھروں میں سپرے کو یقینی بنایا گیا۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے یو سی 127 ماڈل ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، جہاں ڈینگی ملازمین کی حاضری کو چیک کیا گیا۔ سی ڈی سی سلیم سمیت دیگر ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر پائےگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے ڈی ڈی ایچ او گلبرگ کو غیر حاضر سٹاف کی سختی سے جواب طلبی کرنے کو کہا جبکہ سی ڈی سی سلیم، عمران، ایل فرزانہ، صبا اور ایل ایس پی شبنم کو غفلت کا مظاہرہ کرنے پر فوری معطل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔