(ویب ڈیسک ) لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں لیسکو کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ہائی وولٹیج تاریں زمین پر گرنے سے ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن کیو بلاک میں ہائی وولٹیج تاریں موٹرسائیکل پر سوار بدقسمت خاندان پر گر گئیں جس کے نتیجے میں موقع پر ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی جبکہ اسی خاندان سے تعلق رکھنے والی عائشہ اور اسکا شوہر شہباز بھی جھلس گیا۔
متاثرہ افراد کو اہل محلہ نے ریسکیو کی مدد سے جنرل ہسپتال منتقل کیا جہاں شہباز کی بھی موت واقع ہو گئی۔اس سڑک سے گزرنے والا دوسرا موٹرسائیکل سوار نوید بھی بجلی کی تاروں سے کرنٹ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا اسے بھی جنرل ہسپتال علاج معالجہ کے لئے منتقل کر دیا گیا ۔
اہل علاقہ کے مطابق ایک ماہ سے علاقے میں بجلی کے لوڈ کا مسئلہ چل رہا تھا، تار سے سپارکنگ کی وجہ سے متعدد بار چنگاریاں نکلیں ، لیسکو کو بجلی کا مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی جس کی شنوائی نہ ہونے پر آج چار افراد متاثر ہوئے ہیں۔
پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد فاطمہ اور شہباز کی لاش کو مردہ خانہ پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر دیا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ورثاء کی درخواست ملنے پر مقدمے کا اندراج کیا جائے گا ۔