سٹی 42:غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور گیس ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں منتقلی کےخلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن، 32 ایل پی جی شاپس سربمہر کرکےمقدمات درج کرادیئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور گیس ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں منتقلی کےخلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے، سول ڈیفنس کی ٹیموں نےمصری شاہ میں پیر دربار سلطان پورہ ، چمڑا منڈی ، چوک مدرسہ سادات میں قائم ایل پی جی دکانوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔جی ٹی روڈ کپ سٹور نزد پٹرول پمپ مصری شاہ، سرشار ٹاؤن مین بازار ٹھوکر نیاز بیگ،ضرار شہید روڈ، افتخار ٹاؤن، بہار شاہ روڈ ، آخری بس سٹاپ مین ساندہ لاہور، نشاط کالونی ، نیو ایئرپورٹ ، مین آؤٹ فال روڈ، مین ساندہ ، بھٹہ چوک ،فتح گڑھ میں بھی غیر قانونی ایل پی جی دکانوں کے خلاف کارروئیاں کی گئیں۔
پندرہ سلنڈروں سے بھری ایک گاڑی کو پکڑ کر تھانہ مناواں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ شہری غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی کی دکانوں کی نشاندہی کریں،ڈی سی آفس کے کنٹرول روم نمبر 99210630 پر اطلاع دیں،محکمہ سول ڈیفنس اور ٹاؤن کی ٹیمیں بھر پور کارروائیاں کریں گی۔
واضح رہے ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں آگ لگنے کے چند ہی منٹ بعد دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس سے برکت مارکیٹ لرز اٹھی۔ کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، متاثرہ دکان سے ملحقہ چار دکانیں منہدم ہوگئیں اور قریبی ورکشاپ میں کھڑی پندرہ سے زائد گاڑیاں بھی خاکستر ہوگئیں ۔سلنڈر دھماکوں کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچی اور اڑھائی گھنٹے بعد آپریشن مکمل کرلیا۔کمشنر لاہور کیپٹن(ر)عثمان سمیت دیگر افسران موقع پر پہنچے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔