ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آکسیجن پلانٹس لگانے کے منصوبے پر کام شروع

آکسیجن پلانٹس لگانے کے منصوبے پر کام شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ پرائمری ہیلتھ نے 8 اضلاع میں آکسیجن پلانٹس لگانے کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا۔ سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی زیر صدارت اجلاس، پلانٹس کی یومیہ پیداوار 1100 آکسیجن سلنڈر ہوگی، تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں کی ماہانہ تین ہزار سلنڈرز کی طلب پوری کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر میں آکسیجن پلانٹس لگانے کے منصوبہ پر کام شروع کر دیا گیا۔ سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کے اہم مندرجات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبہ بھر میں سپلائی کے لیے 8 اضلاع میں آکسیجن پلانٹس لگائے جائیں گے۔

آکسیجن پلانٹس کی روزانہ 1100 سلنڈر تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی اور ماہانہ 30 ہزار سے زائد آکسیجن سلنڈر تیار ہونگے، جس سے صوبہ بھر کے 125 ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی ضرورت پوری ہوسکے گی۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں سالانہ اوسطا 124549 سلنڈر اور چار سال میں 498198 آکسیجن سلنڈر استعمال ہوئے۔

سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے بتایا کہ ساؤتھ پنجاب میں آکسیجن پلانٹس لگانے کے لیے وہاڑی، مظفر گڑھ، ڈی جی خان اور لیہ جبکہ اپر پنجاب میں اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مرید کے جہلم اور حافظ آباد زیر غور ہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے بتایا کہ آئندہ 10 سال میں اپنے آکسیجن پلانٹس لگانے سے تقریبا 3 ارب 81 کروڑ خرچ آئے گا۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ 10 سال کے لیے مارکیٹ سے آکسیجن خریداری کا تخمینہ خرچ تقریبا ساڑهے 11 ارب ہے اور اپنے پلانٹس لگانے سے نہ صرف 8 ارب کی بچت ہوگی بلکہ آکسیجن کا معیار بھی بہتر ہوگا۔