( اکمل سومرو ) پنجاب یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا اجلا س، 9.39 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی، مالی دباؤ کے باوجود آن کیمپس طلباء کی فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ جبکہ ریسرچ گرانٹ 165 ملین روپے سے بڑھا کر 380 ملین روپے کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے مالی سال 2019-20 کے بجٹ کی سفارشات پر بحث کیلئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کی زیرصدارت سینڈیکیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں سینڈیکیٹ نے سینیٹ کو 9.39 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کی سفارش کردی۔ بجٹ میں تحقیقی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے ریسرچ گرانٹ اور طلباء و طالبات کا مالی بوجھ کم کرنے کے لئے دی جانے والی سبسڈی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اگلے سال پنجاب یونیورسٹی کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے2.5 ارب روپے کی گرانٹ ملنے کی توقع ہے جو کہ کل بجٹ کا27.6 فیصد ہے جبکہ پنجاب یونیورسٹی بجٹ کا 72.4 فیصد اپنے ذرائع سے حاصل کرے گی۔ پنجاب یونیورسٹی 431 ملین روپے کا خسارہ اخراجات میں کمی اور متعدد اقدامات کرکے پورا کرے گی۔ پنجاب یونیورسٹی نے سنٹر فارہیلتھ اینڈ سیفٹی اورانسٹی ٹیوشنل ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کی ہدایت پرریسرچ گرانٹ 165 ملین روپے سے بڑھا کر 380 ملین روپے مقرر کردی گئی ہے۔ خصوصی طلباء و طالبات کو مفت تعلیم اور مفت رہائش جبکہ سپورٹس کی بنیاد پر داخلہ لینے والے طلباء و طالبات کو مفت تعلیم اور حافظ قرآن کی ٹیوشن فیس معاف ہو گی۔ اساتذہ کیلئے اوورسیز سکالرشپس کی سکیم جاری ر ہے گی۔ پنجاب یونیورسٹی طلباء و طالبات کو152 ملین روپے کی سکالرشپس فراہم کرے گی۔
دوسری جانب یوای ٹی نے مالی بحران پر قابو پانے کیلئے اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں اساتذہ کے نام مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔ مراسلے کے مطابق گریڈ 18 سے گریڈ 21 تک کے اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد، گریڈ 17 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد، سکیل 11 تا سکیل 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں پر 20 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔
سکیل پانچ تا سکیل دس تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ وائس چانسلر کی تنخواہ پر پچاس فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ یو ای ٹی کو 9 کروڑ 30 لاکھ روپے کا بجٹ خسارہ ہونے پر تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا۔ یوای ٹی اساتذہ و ملازمین نے تنخواہوں پر کٹوتی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں یو ای ٹی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن نے کل ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔