نیا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن تاخیر کا شکار

نیا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن تاخیر کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حافظ شہبازعلی ) پی سی بی کا نیا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن دو ماہ تاخیرکا شکارہوگیا، ڈومیسٹک سیزن قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ سے شروع ہوگا، اس سال کیلنڈر میں انٹر سٹی اور کلب ایونٹ شامل نہیں کیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2020/2021 دوماہ تاخیرکا شکار ہوگیا ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے یکم اگست سے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، مگرکوویڈ 19 کی موجودہ صورت حال کے باعث اب بورڈ حکام نے یکم اگست سے سیزن شروع کرنے کی منصوبہ بندی ترک کرتے ہوئے دو ماہ کی تاخیر سے یکم اکتوبر سے ڈومیسٹک سیزن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن یکم اکتوبر سے نیشنل انڈر 19 ٹورنامنٹ سے شروع کیا جائےگا۔ گزشتہ سیزن کی طرح انڈر 19 تین روزہ اور ون ڈے ٹورنامنٹ ایک ساتھ شروع کیا جائےگا۔ تین روزہ میچ کے بعد ایک روز کے وقفے سے بعد ون ڈے میچ کھیلا جایا کرے گا جبکہ اکتوبر کے تیسرے ہفتے قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس اور سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ شروع کرائے جائیں گے۔

پی ایس ایل 6 کی ڈرافٹنگ کے پیش نظر نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی روک کر نومبر میں کرایا جائے گا۔ بورڈ حکام جنوری کے آخری ہفتے میں قائد اعظم ٹرافی کا فائنل کرانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ پلان کے مطابق قومی انڈر13، انڈر16 ٹورنامنٹ بھی سال کے آخر میں کرائے جائیں گے۔ ڈومیسٹک سیزن کا آخری ایونٹ نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ پاکستان کپ پی ایس ایل سکس کے بعد اپریل کے پہلے ہفتے کرایا جائے گا۔

نئے ڈومیسٹک کیلنڈر میں انٹر سٹی چیمپئین اور انٹر کلب چیمپئین شپ شامل نہیں،انٹرسٹی اور انٹر کلب چیمپئین شپ آئندہ سیزن کے کلینڈر میں شامل کیے جائیں گے۔