اعظم سلیمان خان نے صوبائی محتسب پنجاب کا عہدہ سنبھال لیا

اعظم سلیمان خان نے صوبائی محتسب پنجاب کا عہدہ سنبھال لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قیصر کھوکھر ) میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان صوبائی محتسب پنجاب بن گئے، گورنر ہاؤس میں ہونیوالی تقریب حلف برداری میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اُن سے حلف لیا۔

تفصیلات کے مطابق میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کی حیثیت سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لیکر صوبائی محتسب پنجاب کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ وہ چیف سیکرٹری پنجاب، چیف سیکرٹری سندھ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ہوم سیکرٹری، سیکرٹری ایریگیشن، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور، ڈی سی او فیصل آباد اور ڈی سی او ڈی جی خان بھی رہ چکے ہیں۔

حلف اٹھانے کے بعد اعظم سلیمان خان نے کہا کہ وہ صوبائی محتسب کے دفتر کو زیادہ سے زیادہ فعال اور بااختیار بنائیں گے، دفتر کے فیصلوں پر عملدرآمد کروائیں گے اور اسے عوام دوست بنا کر انصاف کی فراہمی میں کردارادا کریں گے۔ میجر ریٹائرڈ اعظم سلمان خان سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کچن کابینہ کا حصہ رہے ہیں۔ وہ ڈی ایم جی کے 14ویں کامن سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان کی ایک مقتدر شخصیت کے بیج میٹ بھی ہیں۔

صوبائی محتسب عوامی شکایات کے ازالے کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے، امید کی جا رہی ہے کہ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی تعیناتی سے انصاف کی بروقت فراہمی کاعمل یقینی بنے گا۔

یاد رہے گزشتہ روز وفاقی حکومت نے متعدد افسروں کے تقرر وتبادلے کردیئے تھےاور سیکرٹری تجارت یوسف نسیم کھوکھر کو سیکرٹری داخلہ مقرر کردیا۔ اسٹیبشمنٹ ڈویژن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری تجارت یوسف نسیم کھوکھر کو سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری کامرس ڈویژن محمد صالح احمد فاروقی کو سیکرٹری تجارت، سیکرٹری پاورعرفان علی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ او ایس ڈی عمر رسول کو سیکرٹری پاور ڈویژن تعینات کردیا گیا۔