(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ فٹبالرز کی امداد کرے گا، پی ایف ایف نے فیفا سے آنے والی گرانٹ کو کھیل اور کھلاڑیوں پر خرچ کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جنرل سیکرٹری منیزے زینلی نے بتایا کہ فیفا نے ہر رکن ملک کو پندرہ لاکھ ڈالرز کی امدادی رقم بطور خصوصی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان فٹبال فیڈریشن بھی فیفا کے اس قدم سے مستفید ہوگا تاہم ابھی باضابطہ خط کا انتظار ہے جس کے بعد پلان پر آگے بڑھا جائے گا۔
منیزے زینلی نے انکشاف کیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن پہلے ہی پلیئرز ریلیف پر کام شروع کرچکا ہے اور پہلے اس مقصد کیلئے فارورڈ پروگرام کی گرانٹ استعمال کرنا تھی جس کیلئے اجازت مل گئی تھی لیکن اب کوویڈ کے خصوصی فنڈز کے اعلان کے بعد پی ایف ایف خصوصی فنڈز سے ہی پلیئرز ریلیف کا کام کرے گا، کھلاڑیوں کی فہرست کیلئے نارملائزیشن کمیٹی کے عہدیداران کام کر رہے ہیں۔
واضح رہےکہ منیزے زینلی کو پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے اس سال فروری میں فیڈریشن کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا تھا۔ وہ پی ایف ایف کی تاریخ کی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل ہیں تاہم اپنی تقرری کے وقت انہیں مخالفین کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ تنقید سے انہیں فرق نہیں پڑتا، انتظامی عہدے کیلئے فٹبالر یا لڑکا ہونا ضروری نہیں۔
پی ایف ایف سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان میں خواتین کی فٹبال لیگ بھی جلد شروع ہوجائے اور فیفا سے ویمن فٹبال کیلئے ملنے والی پانچ لاکھ ڈالرز کی گرانٹ اس ضمن میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پی ایف ایف کے کئی امور رُکے ہوئے ہیں اور جونہی حالات نارمل ہوتے ہیں، ویمن لیگ سمیت فٹبال کے دیگر معاملات پر کام کو آگے بڑھایا جائے گا۔
منیزے زینلی کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان فٹبال کو ٹاپ ٹیموں میں لے کر آئیں یا کم از کم اس پوزیشن پر تو واپس لے آئیں جہاں آج سے کچھ سال پہلے ہوا کرتی تھی، جب ان سے پوچھا گیا کہ اتنا مشکل ٹاسک کیسے حاصل ہوگا تو پی ایف ایف کی سیکرٹری نے کہا کہ خواہش تو چاند تک جانے کی ہونی چاہیے۔