سٹی42: صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر مریم نواز کہتی ہیں اے این ایف کا رانا ثنا اللہ سے کچھ لینا دینا نہیں، رانا ثنا اللہ کو ان کے دلیرانہ موقف کی وجہ سےگرفتار کیا گیا ہے۔
نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نواز نے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اے این ایف کا رانا ثنا اللہ سے کوئی لینا دینا نہیں اصل میں رانا ثنا اللہ کو ان کے دلیرانہ موقف کی وجہ سےگرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے پیچھے عمران خان کا ہاتھ ہے، جعلی اعظم چھوٹے ذہن کا مالک ہے، مریم نواز نے مہنگائی پر مبنی خبروں کے تراشے جاری کرتے ہوئے بھی حکومت پر تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی تقسیم کے خواب دیکھنے والوں کو اسکی تعبیر کبھی نہیں ملے گی، کھیل تماشے چھوڑو اور بند ہوتے کارخانوں، بیروزگار ہوتے مزدوروں، فاقہ کشی پر مجبور عوام اور بد دعاؤں کیلئے اٹھے ہاتھوں کو دیکھو۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کی بجائے کرائے کی شخصیات پر کھڑی حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی فکر چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت شریف فیملی کی فکر چھوڑ دے متحد رہنا شریف فیملی کے خون میں شامل ہے۔