( جمال الدین ) قتل کیس کے اشتہاری ملزم کی ماں انصاف کیلئے سیشن عدالت پہنچ گئی، خاتون کا کہنا ہے میرا ایک بیٹا اشتہاری ہے پولیس میرے دوسرے بیٹوں پر ظلم کررہی ہے ہمارا اب اشتہاری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اشتہاری ملزم کی ماں نصرت بی بی داد راسی کیلئے سیشن عدالت پیش ہوئی اور ٹاؤن شپ پولیس کو فریق بنا کر حبس بے جا کی درخواست دائرکی۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد شریف نے حبس بے جا کی درخواست پر سماعت کی۔ نصرت بی بی کا کہنا تھا میرے بیٹے اعظم نے اگست 2010 میں نواز نامی شخص کو سیشن عدالت کے اندر قتل کر دیا تھا اس کیس میں میرے دو بیٹے جیل میں ہیں جبکہ ایک بیٹا اعظم اشتہاری ہے۔
پولیس میرے دو چھوٹے بیٹوں کو اشتہاری کو پناہ دینے کا الزام میں پریشان کر رہی ہےٹاؤن شپ پولیس نے میرے بیٹے محمد رئیس اور محمد قاسم کو بلاوجہ گرفتار کر رکھا ہے۔ دس دن سے ان کو کسی عدالت میں پیشی نہیں کی ان پر تشدد کیا جارہا ہے۔
خاتون کی درخواست پر بیلف نے ٹاؤن شپ تھانہ سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ بیلف رپورٹ کے مطابق خاتون کے بیٹوں پر ٹاؤن شپ پولیس نے اشتہاری کو پناہ دینے کی ایف آئی آر درج کر دی ہے۔ خاتون کی درخواست پر عدالت نے دو جنوری کیلئے ٹاون شپ پولیس تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔