ریسٹورنٹس، بلڈرز، ڈویلپرز کی شامت، بڑا فیصلہ ہوگیا

ریسٹورنٹس، بلڈرز، ڈویلپرز کی شامت، بڑا فیصلہ ہوگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رضوان نقوی: پنجاب ریونیو اتھارٹی نان فائلرز کے خلاف حرکت میں آگئی، جنوری میں سیلز ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کوریئر سروسز، بلڈرز، ڈویلپرز سمیت مختلف شعبہ جات کے تین ہزار پانچ سو سروس پرووائیڈرز کو نوٹسزجاری کرکے جرمانہ عائد کرنے کا عندیہ دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی نے دسمبرکے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ پندرہ جنوری کے بعد تاحال گوشوارے جمع نہ کرانے والے مختلف کاروباری شعبہ جات میں سروسز فراہم کرنے والے تین ہزار 5 سو کاروباری افراد کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

پی آراے نے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ہوٹلز، بیوٹی سیلونز، ریسٹورنٹس، فٹنس جمز، فیشن ڈیزائنرز، فیشن فوٹو گرافرز کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔ اسی طرح نان فائلر کوریئر سروسز، تعمیراتی سروسز سمیت 67 شعبہ جات میں سروسز فراہم کرنے والے نان فائلرز کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔

پی آراے نے نان فائلرز کو فی الفور گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں جرمانے عائد کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔  

دوسری جانب پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سروسزپر عائد سیلز ٹیکس کی مد میں جنوری کے دوران گیارہ ارب تئیس کروڑ روپے جمع کرلئے۔ 

چیئرمین پی آراے زین العابدین ساہی کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے کرونا صورتحال میں ٹیکس گزاروں کی مشکلات کے پیش نظر 25 سروسز پر ٹیکس کی شرح 16 فیصد سےکم کرکے 5 فیصد کررکھی تھی۔ پی آراے نے ٹیکس رعائت کے باوجود جنوری میں گیارہ ارب تئیس کروڑ روپے سیلز ٹیکس جمع کرلیا ہے جو کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تاریخ  میں جنوری کا بلند ترین ریکارڈ ہے۔

پی آراے نے گزشتہ سال دس ارب اکیس کروڑ روپے کے محصولات اکٹھے کئےتھے۔ پی آراے نے رواں سال جنوری میں 10 فیصد زائد وصولی کی ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں 85 ارب نو کروڑ روپے کی ٹیکس وصولی کی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ میں مجموعی طور پر 7 ماہ کے دوران 38 فیصد زائد سیلزٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی آراے کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 125 ارب روپے کے سالانہ ہدف کا 69 فیصد پہلے7 ماہ میں جمع کرلیا ہے۔ کورونا وبا کے معیشت پر منفی اثرات کے باوجود پی آراے نے ریکارڈ ٹیکس وصولی کی ہے۔