( زاہد چوہدری ) شیخ زید ہسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ میں سنگین غفلت سے دو مریضوں اور ایک جواں سالہ ڈونر کی موت پر پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے باضابطہ تحقیقات کیلئے چھ رکنی کمیٹی قائم کر دی،، کمیٹی جگر کی پیوندکاری کے آپریشنز میں سنگین غفلت کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرے گی۔
شیخ زید ہسپتال میں رواں ماہ کے جگر کی پیوند کاری کے تین آپریشنز ہوئے جو سنگین غفلت سے نہ صرف ناکام رہے بلکہ لیور ٹرانسپلانٹ کے بعد دو مریض اور ماں کو جگر کا عطیہ دینے والا جواں سالہ ڈونر جاں بحق ہوگئے۔ اس سنگین معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے گزشتہ روز شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ کو بند کر دیا۔
پنجاب ہوٹا نے اس سنگین معاملے کی تحقیقات اور غفلت کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کیلئے پروفیسر آف انستھزیا سروسز ہسپتال ڈاکٹر نائلہ اسد کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ ڈاکٹر عزیر قریشی، ڈاکٹر سلمان جاوید سمیت پنجاب ہوٹا کے آفیشلز عمران احمد، عدنان احمد بھٹی اور ڈاکٹر مدثر ظہور کمیٹی کے رکن نامزد کئے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ارکان کو چار روز میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی۔