(ملک اشرف) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کالعدم قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، اوگرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جبکہ پاکستان میں بڑھا دی گئی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔
درخواستگزار نے مزید موقف اختیار کیا کہ اوگرا کے پاس پٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس لگانے کا قانونی اختیار نہیں لیکن پٹرولیم مصنوعات پر 35 فیصد سیلز ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔
درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہےکہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کالعدم قرار دے۔