سٹی42: جمعہ کے روز عارضی فائر بندی ٹوٹ جانے کے بعد غزہ پر نئے حملوں میں بہت سے افراد کے زخمی ہونے کے بعد غزہ میں ایک بار پھر طبی سہولیات کا فقدان سامنے آ رہا ہے۔ غزہ کے میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے دوبارہ بمباری کے بعد فیلڈ ہسپتالوں کی فوری ضرورت ہے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے عرب اور مسلم ریاستوں پر زور دیا ہے کہ وہ "دسیوں ہزار زخمیوں" کو بچانے کے لیے فوری طور پر پٹی میں فیلڈ ہسپتال قائم کریں۔
قطر کے الجزیرہ نیوز کے مطابق صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جب اسرائیلی افواج نے غزہ پر اپنا حملہ دوبارہ شروع کیا، دفتر کے ترجمان، سلامہ معروف نے کہا کہ "بڑی تعداد میں امدادی ٹرکوں" کی بھی فوری ضرورت ہے، جس میں روزانہ کم از کم ایک ملین لیٹر ایندھن بھی شامل ہے۔
سلامہ معروف نے خاص طور پر عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ "فوری ریسکیو پلان" کے ساتھ آئیں اور "فوری انسانی بنیادوں پر حل تلاش کریں جو 250,000 سے زائد خاندانوں کیلئے ہو جو اپنے گھر کھو چکے ہیں"۔
معروف نے ہنگامی اور شہری دفاع کی ٹیموں کو ملبے تلے ہزاروں افراد کی لاشوں کو نکالنے کے لیے درکار "سینکڑوں آلات" بھیجنےکا مطالبہ کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (UNRWA) سے وسطی اور شمالی غزہ میں دوبارہ آپریشن شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے دیگر تمام بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ "اپنا کردار ادا کریں اور ہسپتالوں اور اہم سہولیات کی حفاظت کریں"