(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں 4 روپے اضافہ کرکے عوام کو بڑے ریلیف سے محروم کر دیا۔
ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ہونے والی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو حکومت نے پٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی میں اضافہ کرکے ایڈجسٹ کرلیا، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر چار روپے فی لیٹر لیوی بڑھا دی جس کے بعد پٹرول پر عائد لیوی 13روپے 62 پیسے اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی فی لیٹر 13روپے14 پیسے ہو گئی۔
ذرائع کےمطابق حکومت نے پٹرول پر جی ایس ٹی صفر سے بڑھا کر 1.63 فیصد کردیا ہے اور ڈیزل پر جی ایس ٹی 7.2 فیصد سے بڑھا کر 7.37فیصد کر دیا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق یکم دسمبر سے پٹرول کی موجودہ قیمت 145روپے 82پیسے اور ڈیزل کی قیمت 142روپے62پیسے برقرار رہے گی، مٹی کے تیل کی موجودہ قیمت 116روپے 53 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر 114روپے 7 پیسے قیمت برقرار رہے گی ۔