(علی اکبر): مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج کے دن تمام جہانوں لئے رحمت قرار پانے والے خاتم النبین حضرت محمدﷺ دنیا میں تشریف لائے۔
تفصیلات کے مطابق عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ساری دنیا کے مسلمانوں کیلئے رحمتوں، برکتوں اور سعادتوں کا دن ہے۔ آپﷺ نے انسانیت کو باہمی رواداری، محبت اخوت اور خیر سگالی کا درس دیا۔ آپ کی تعلیمات نے معاشرے میں ایک ایسا انقلاب عظیم برپا کیا جس نے انسانوں کی فکر و عمل کو بدل کر رکھ دیا, آپﷺ ن ایک دوسرے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا درس دیا ۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں بسنے والے کروڑوں اہل اسلام پر لازم ہے کہ وہ حضورﷺ کے اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیتے ہوئے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں، اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کریں اور ایسے عناصر کو حوصلہ شکنی کریں جو مسلمانوں کے درمیان تفرقے پھیلانے اور نفاق پیدا کرنے کہ کوشش کرتے ہیں۔
اس ضمن میں ذرائع ابلاغ،علمائے کرام ،دانشوروں اور اساتذی پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام باالخصوص نوجوانوں کو حضورﷺ کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرائیں۔