(سٹی42)حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں لاہور.سمیت ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے،نماز عید کے بعد فرزندان اسلام سنت ابراہیمی میں مصروف ہیں۔
ملک بھر کی طرح لاہور.کے مختلف مقامات پر بھی نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، جس میں علمائے کرام نے فلسفہ قربانی کی اہمیت کواجاگر کیا، مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
گورنرہاؤس میں نمازعیدالاضحیٰ ادا کردی گئی، جہاں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نمازعید پڑھی، نماز میں گورنر ہاؤس کے افسران و ملازمین بھی شریک ہوئے، جی او آر ون کی جامع مسجد میں ججز، بیوروکریٹس، وکلا سمیت دیگر افراد نےعید کی نماز ادا کی، نماز عید کے بعد ملکی سلامتی، کوروناسےنجات کیلئے دعائیں.
حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے مزار شریف کی جامعہ مسجد میں نماز عیدالاضحی ادا کر دی گئی، داتا دربار میں ایم این اے سردار طالب نکئی، سابق صوبائی چوہدری عبدالغفور، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، سیکرٹری لیکوڈیشن ڈاکٹر نور محمد اعوان، مینجر طاہر مقصود اور ممبران امور مذہبیہ کمیٹی سمیت عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے نماز ادا کی،نماز عید کی ادائیگی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز کو اپنایا گیا،نماز عید سے فراغت کے بعد جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو اتوار تک جاری رہے گا۔
واضح رہےکہ حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کی تین چھٹیاں دی گئی ہیں، پیر تک تمام سرکاری ونجی ادارے بند رہیں گے، کورونا سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث عید پر شہر بھر کے پارکس اور تھیٹر، سینما ہالز بند رہیں گے۔