(سٹی 42) لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
باغوں کے شہر لاہور میں آج پھر بادل کھل کر برسے اور ایسے برسے کے ہر طرف جل تھل ہوگیا، سڑکوں پر پانی اور دوسری طرف ٹریفک کا رش بھی بڑھ گیا، بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا،آج برسنے والی برکھا سے فضا نکھرگئی، ٹھنڈی ہواوں میں پیڑ پودے بھی جھوم اٹھے، کل بھی لاہور میں قدرت مہربان ہوگی اور ابر کرم برسےگا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 33 اور کم سے کم 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے, ہوا میں نمی کا تناسب 99 فیصد ریکارڈ کیاگیا، جبکہ ہوائیں40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں لاہورمیں مزید بارش ہو گی جبکہ اگست میں چلنے والا مون سون سپیل زیادہ شدید بارشوں کا باعث بنےگا۔