ویب ڈیسک: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ مجھے عوامی گورنرکہلانے پر بے حد خوشی ہوتی ہے، میں سحری و افطاری میں زیادہ تر وقت عوام میں رہ کر گزارتا ہوں ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر ہماری صحت کی حفاظت اس طرح کرتے ہیں جس طرح فوج ملک کی حفاظت کرتی ہے۔کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز انتہائی با صلاحیت ڈاکٹرز مہیا کررہا ہے ۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ادارہ سے فارغ التحصیل کئی ڈاکٹرز بیرون ملک بھی پاکستان کا نام بھی روشن کررہے ہیں۔ ڈاکٹر معاشرہ میں مسیحا کا کردار ادا کرتا ہے ۔ڈاکٹرز انسانیت کی خدمت کو ترجیح دیں، ملک کے دور درا ز علاقوں میں ڈاکٹرز کی اشد ضرورت ہے ۔
گورنر سندھ نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری انتہائی نا گزیر ہو چکی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ مجھے عوامی گورنرکہلانے پر بے حد خوشی ہوتی ہے، میں سحری و افطاری میں زیادہ تر وقت عوام میں رہ کر گزارتا ہوں ۔اس طرح مجھے ان کے مسائل کو بڑے قریب سے دیکھنے اور سننے کا موقع ملتا ہے ۔کوشش ہے کہ عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکوں ۔