(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے دھمکی آمیز خط سے متعلق دعوے پر امریکی محکمہ خارجہ نے تحریک عدم اعتماد میں امریکی مداخلت کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق امریکی محکمہ خارجہ نے تحریک عدم اعتماد میں امریکی مداخلت کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔24نیوز نےوزیراعظم کے خطاب اور الزامات پر امریکی محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا۔،24 نیوز کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر ابراہیم راجہ نے وزیراعظم عمران خان کے الزامات پر امریکی محکمہ خارجہ کو7 سوالات بھیجے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ٹوئنٹی فور نیوز کے سوالات کا جواب دیا گیا۔پہلا سوال:کیا امریکی حکام نے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر تحفظات ظاہر کیے تھے ؟دوسرا سوال: کیا امریکی حکام نے تحریک عدم اعتماد کے کامیاب نہ ہونے پرناخوشگوار نتائج کی دھمکی دی؟تیسرا سوال:کیا وزیراعظم کا یہ الزام درست ہے تحریک عدم اعتماد کے پیچھے امریکی حکام ہیں ؟
چوتھا سوال:کیاوزیراعظم کا یہ الزام درست ہے کہ امریکی حکام پاکستانی اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں تھے؟ پانچواں سوال:کیا وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس پر ناخوشگوار نتائج کا پیغام دیا گیا تھا ؟چھٹا سوال:کیا امریکا کے متعلق پاکستان کی خارجہ پالیسی پر کوئی سخت پیغام بھیجا گیا؟ساتواں سوال:کیا یہ الزام درست ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے پیچھے امریکا ہے ؟
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے 24 نیوز کے سوالات کا جواب دیا گیا۔محکمہ خارجہ نے کہا تحریک عدم اعتماد میں امریکی مداخلت کے الزامات میں صداقت نہیں ۔امریکا کی جانب سے پاکستان کو کوئی دھمکی آمیز خط نہیں بھیجا گیا۔امریکی حکام پر لگائے گئے الزامات میں کسی قسم کی صداقت نہیں۔
پاکستان کے آئینی عمل کا احترام کرتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ امریکہ پرعائد الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے ، امریکہ نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر کوئی خط جاری نہیں کیا۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں ، پاکستان میں جاری صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں اور پاکستان کے آئینی عمل کااحترام کرتے ہیں۔