(یاور ذوالفقار)نیب نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی رہائی کی درخواست کی مخالفت کر دی اور لاہور ہائیکورٹ سے میر شکیل کی اہلیہ کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کر دی.
تفصیلات کے مطابق میر شکیل الرحمان کی اہلیہ کی درخواست پر نیب نے لاہورہائیکورٹ میں سات صفحات پر مشتمل تحریری جواب جمع کرایا گیا,تحریری جواب میں کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے قانون کے مطابق میر شکیل، نواز شریف اور ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی,قانون کےمطابق میر شکیل الرحمان کے وارنٹ جاری کر کے انکی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
نیب کے مطابق میر شکیل کی اہلیہ کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست قانونی کاروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے,نیب نے اپنے جواب میں کہا کہ نیب نے میر شکیل کی گرفتاری کے بعد قانون کےمطابق ان کا جسمانی ریمانڈ لیا , میر شکیل الرحمان اپنے جوابات سے نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے اور میر شکیل الرحمان نے نیب کو مطلوبہ ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا جبکہ میر شکیل الرحمان نے غیر قانونی طور پر زمین الاٹ کروائی ہے۔
نیب نے اپنے تحریری جواب میں واضح کیا ہے کہ نیب نے اختیارات کا بالکل ناجائز استعمال نہیں کیا لہذا لاہور ہائیکورٹ میر شکیل الرحمان کی رہائی سے متعلق درخواست خارج کرے ,عدالت نے تمام نیب کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی،لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میر شکیل الرحمان کے بھائی کا انتقال ہوگیا تھا، احتساب عدالت نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو حقیقی بڑے بھائی کی وفات پرنیب حکام کو اپنی حراست میں کراچی جانے کی اجازت دی تھی۔